مولانا حاج سید عقیل ترابی (1934-2009ء) پاکستان کے ممتاز اور مقبول شیعہ مبلغ اور خطیب تھے جنہوں نے اپنی بابرکت زندگی اس خطے میں مکتب اہل بیت (ع) عصمت و طہارت کے افکار و تعلیمات کو فروغ دینے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے لیے گزاری۔ آپ کی تقاریر فصیح و بلیغ ہوتی تھیں اور ان کی شہرت پورے برصغیر میں پھیلی ہوئی تھی، اس لیے آپ کو ہندوستان اور پاکستان کے مختلف خطوں میں تقریروں کے لیے مدعو کیا جاتا تھا، ان مجالس کے ذریعہ سے انہوں نے اہل بیت (ع) اور اسلامی تعلیمات کو ان علاقوں کے عوام تک پہچایا۔
وہ 1934 میں ہندوستان کے شہر حیدرآباد کے ایک علمی اور مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ پاکستان کی آزادی کے بعد بانی پاکستان محمد علی جناح نے ان کے والد رضا حسین جو کہ رشید ترابی کے نام سے مشہور تھے، کو پاکستان مدعو کیا تاکہ وہ ملک اشتر کے لیے امام علی (ع) کے عہدنامہ کا انگریزی میں ترجمہ کریں۔ انہوں نے بھی دسمبر 1947 میں اپنے والد کے ہمراہ پاکستان ہجرت کی۔